You are currently viewing سانحہ جعفر ایکسپریس

سانحہ جعفر ایکسپریس

 کالم: قیوم نظامی
صدر کا خطاب ‘ سانحہ جعفر ایکسپریس
آ ئین کے مطابق صدر ریاست کا سربراہ ہوتا ہے اور وفاق کی نمائندگی کرتا ہےـ صدر سال میں ایک بار پارلیمنٹ سے خطاب کرتا ہے جس میں عام طور پر حکومت کی کارکردگی پیش کی جاتی ہے ـ صدر کے خطاب کی تیاری بھی وفاقی حکومت کرتی ہے جس کی روشنی میں صدر پارلیمنٹ سے خطاب کرتا ہے ـ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کا تعلق چونکہ پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے جو حکومت کی اتحادی ہے اس لیے ان کی سیاسی حیثیت مختلف ہے ـ مسلم لیگ نون کی حکومت پی پی پی کے تعاون سے چل رہی ہے ـ اس سیاسی طاقت کی وجہ سے صدر پاکستان نے پارلیمنٹ سے جو خطاب کیا اس میں وفاق کی ترجمانی کرنے کے لیے حکومتی متن میں کچھ رد و بدل بھی کر لیا ـ اس طرح ان کا خطاب متوازن ہو گیا اور انہوں نے اپنے خطاب میں پورے وفاق کی نمائندگی کا حق ادا کیا ـ انہوں نے حکومت کی تعریف و توصیف کرنے کی بجائے پاکستان کے سیاسی اور معاشی مسائل کے بارے میں بھی اظہار خیال کیا جو پاکستان کے عوام کو درپیش ہیں ـ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ایوان اور حکومت کی یکطرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہیں ـ صدر آصف علی زرداری اس لحاظ سے خوش قسمت سیاستدان ہیں کہ ان کو پارلیمنٹ سے آٹھویں بار خطاب کرنے کا موقع ملا ـ جب صدر پاکستان نے اپنے خطاب کا آغاز کیا تو پارلیمانی روایت کے مطابق اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے اراکین نے شور مچانا شروع کر دیا انہوں نے ایوان میں ڈیسک بجائے اور نعرے بازی کی ـ پاکستانی پارلیمانی سیاست کی یہ ایک بدقسمت روایت ہے کہ جب بھی کوئی صدر ایوان سے خطاب کرتا ہے تو اپوزیشن کی جماعت اس کے خطاب کو سن کر اس کا جواب دینے کی بجائے شور مچانا شروع کر دیتی ہے ـ
صدر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایوان بہتر طرز حکمرانی سیاسی اور اقتصادی استحکام کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے ہمارے عوام نے اپنی امیدیں پارلیمنٹ سے وابستہ کر رکھی ہیں ہمیں عوام کی توقعات پر پورا اترنا چاہیے ـ ہم جمہوری نظام مضبوط کر رہے ہیں قانون کی حکمرانی پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے محنت کی ضرورت ہے ـ انہوں نے کہا کہ اس ایوان کو اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے لینا چاہیے یہ ایوان گورننس خدمات کی فراہمی کے نتائج کو از سر نو ترتیب دینے میں اپنا کردار ادا کرے وزارتوں کو بھی اپنے مقاصد کو از سر نو متعین کرنے کی ضرورت ہے وزارتیں ادراک کریں کہ عوام کو درپیش اہم مسائل کو ایک مقررہ مدت میں حل کرنا ہوگا جمہوری اداروں پر عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچانے کی ضرورت ہے ـ جمہوریت میں کچھ دینے اور لینے کی ضرورت ہوتی ہے اتحاد اور اتفاق ہمارے ملک کی اشد ضرورت ہے آپ سے گزارش ہے کہ اپنے لوگوں کو با اختیار بنائیں اتفاق رائے سے قومی اہمیت کے فیصلے کریں ـ آگے بڑھنے کے لیے ٹیکس نظام میں بہتری ناگزیر ہے پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والوں پر بوجھ ڈالنے کی بجائے اہل ٹیکس دہندہ قوم کی تعمیر میں حصہ لیں ـ صدر پاکستان نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ اگلے بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے حکومت کو آئندہ بجٹ میں تنخواہوں اور پینشن میں اضافے تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کم کرنے اور توانائی کی لاگت کم کرنے کے اقدامات کرنے چاہیں ـ انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردوں کو جو بیرونی سپورٹ اور فنڈنگ مل رہی ہے اس سے ہم سب واقف ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری سیکیورٹی فورسز نے اپنی جانیں قربان کی ہیں ہم دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے سکتے ـ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ عسکریت پسندی کی جڑیں محرومی اور عدم مساوات میں پائی جاتی ہیں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خطوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ـ روزگار پیدا کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں ایوان اور حکومت کو خبردار کروں کہ آپ کی کچھ یکطرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہیں خاص طور پر وفاقی اکائیوں کی شدید مخالفت کے باوجود حکومت کا دریائے سندھ کے نظام سے مزید نہریں نکالنے کے منصوبے کی بطور صدر حمایت نہیں کر سکتا میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس موجودہ تجویز کو ترک کر دے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ وفاقی اکائیوں کے درمیان متفقہ اتفاق رائے کی بنیاد پر قابل عمل پائیدار حل نکالا جا سکے ـ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ہم ایک ایسا پاکستان بنانے کی کوشش کریں جو منصفانہ خوشحال اور ہمہ گیر ہو آئیے اس پارلیمانی سال کا بہترین استعمال کریں ـ
پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ پورے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے ایک بڑے منصوبے کالا باغ ڈیم کو سیاسی بنیادوں پر متنازع بنا دیا گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ـ اگر کالا باغ ڈیم کا منصوبہ پایا تکمیل تک پہنچ جاتا تو آج پاکستان کے عوام کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑتا اور ان کو بجلی بھی سستے داموں فراہم کی جا سکتی تھی ـ صدر پاکستان نے اپنے خطاب میں نہروں کے منصوبے کو اتفاق رائے سے مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ـ یہ مسئلہ بھی سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے پارلیمنٹ اس سلسلے میں ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی ہو جو دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے پر قومی مفاد میں غور و خوض کرے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے تاکہ یہ منصوبہ بھی سیاسی اختلاف کی نذر نہ ہو جائے ـ چند روز قبل کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے سے پورے پاکستان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ـ یہ ایک خوفناک اور المناک قومی سانحہ ہےـ دہشت گردوں نے ٹرین کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا ـ اس سانحہ میں 25 مسافر اور چار سیکورٹی اہل کار شہید ہوئے جب کہ 35 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ـ یہ سانحہ پاکستان کے سٹیک ہولڈرز کے لیے ویک اپ کال ہونی چاہئے ـ دہشت گرد تسلسل کے ساتھ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرتے رہتے ہیں ـ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق افواج پاکستان نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اور مسافروں کو بازیاب کرا لیاـ دہشت گردی کی نئی لہر پر قابو پانے کے لیے بھی قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے ـ جب تک پوری قوم دہشت گردی کے خلاف کاروائیوں میں سیکیورٹی فورسز کے پیچھے کھڑی نہیں ہوگی اس وقت تک یہ مسئلہ حل نہیں کیا جا سکے گا ـ پاکستان کے تمام سٹیک ہولڈرز جس قدر جلد اس حقیقت کو تسلیم کر لیں گے یہ ادراک نہ صرف ان کے اپنے لیے بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے لیے مفید ثابت ہوگا ـ اور پاکستان میں مستقل امن و امان کا قیام کا ممکن ہو سکے گا ـ پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں سماجی انصاف اور انسانی حقوق کی فراہمی کے بغیر دہشت گردی پر قابو پانا اور امن و امان قائم کرنا ممکن نہیں ہوگا ـ وزیراعظم پاکستان کو انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی چاہیے تاکہ قومی اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے ـ

جواب دیں